Items filtered by date: الأربعاء, 05 كانون1/ديسمبر 2018

چہار روزہ بین الاقوامی سیمینار کے تعلق سے شعبہ اردو میں سی سی ایس یو میں پریس کانفرنس کا انعقاد


اس دوران شام افسانہ، شام غزل، مشاعرہ، آرٹ گیلری، بک فیئر اور ڈرامے کا بھی ہوگا انعقاد
شعبہ اردو، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ کے پریم چند سیمینار ہال میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔پریس سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر اسلم جمشید پوری نے بتایا کہ شعبہ اردو’اور اتر پردیش اردو اکادمی کے اشتراک سے’موجودہ سماجی تغیرات کے فکشن پر اثرات“ عنوان سے7/ دسمبر2018ء سے10/ دسمبر 2018ء تک ایک کثیر لسانی عالمی سیمینار(اردو، ہندی،انگریزی) کا انعقاد کررہا ہے۔جس کا مقصد زبانوں کا ارتقا،باہمی میل جول، مختلف زبانوں کے ادب کا ارتقا و شناسائی، کے ساتھ ساتھ نئی نسل کے ادیبوں کے ادب کی پرکھ، گیرا ئی و گہرائی،مختلف زبانوں میں کی جا رہی ادبی خدمات کی ایک دوسرے سے واقفیت،عوام کے سامنے ان سبھی کاموں کو سامنے لانا اور ادبی وراثت کو مزید پختگی فراہم کرنا، آپسی میل جول، اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا ہے۔اس چہار روزہ عالمی سیمینار میں، مشاعرہ، شام غزل، شام افسا نہ، ڈراما، کتب میلہ،آرٹ گیلری اورکتابوں کے اجراء جیسے مختلف پروگرام منعقد ہو ں گے۔ جس میں جرمنی،امریکا، کناڈا، قطر اور بنگلا دیش کے علاوہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں کشمیر، پنجاب،یوپی،اتراکھنڈ، دہلی، بہار،جھار کھنڈ،کرناٹک،چھتیس، گڑھ، مدھیہ پردیش اور مقامی سطح کے معروف ادیا وشعرا،ناقدین، محققین اور دانشوران حضرات حصہ لیں گے۔
عالمی سیمینار کا افتتاح7/ دسمبر2018ء کو سہ پہر تین بجے یونیورسٹی کے برہسپتی میں ہو گا۔ جس کی صدارت معروف ناقد اور پروفیسر ایمریٹس جامعہ ملیہ اسلامیہ،دہلی پروفیسر شمیم حنفی فرمائیں گے۔ مہمان خصوصی کے طور پر یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پرو فیسر این کے تنیجا شر کت کریں گے جب کہ مہمانان ذی وقار کے بطور عارف نقوی، جرمنی، پروفیسر ارتضیٰ کریم، صدر شعبہئ اردو، دہلی یو نیورسٹی، ڈا کٹر سید فاروق، ڈائریکٹر ہمالین ڈرگس، پرو فیسر یو گیندر سنگھ،ڈین فیکلٹی آف آرٹس،چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ شر کت کریں گے۔ جب کہ کلیدی خطبہ معروف ناقد پروفیسر زماں آزردہ پیش کریں گے۔
ڈاکٹر آصف علی نے پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس چہار روزہ کثیر لسانی عالمی سیمینار(اردو، ہندی، انگریزی) کے تقریبا گیارہ اجلاس منعقد ہوں گے جس میں ہندی اور اردو کے سیشن بھی شامل ہیں۔ اور ہم نے ان سیشنوں کو ان عظیم ہستیوں کی یاد میں کردیا ہے جن کا ادب کے میدان میں اہم کردار رہا ہے۔ جیسے پہلے اجلاس کو منشی پریم چند کے نام، ہندی سیشن کو معروف گیت کار گو پال داس نیرج کے نام، انگلش سیشن کو پرو فیسر ارون کمار کے نام، شام غزل کو حفیظ میرٹھی کے نام کے علاوہ مولانا محمد علی جو ہر، قاضی عبد الستار،عابد سہیل، قرۃ العین حیدر وغیرہ کے نام کیا گیا ہے۔
پریس کو ڈاکٹر معراج الدین احمد نے بتایا کہ عالمی سیمینار میں 7/ دسمبر2018ء کو شام پانچ بجے شام غزل جسے معروف غزل سنگر مکیش تیواری پیش کریں گے،ناظرین کے لیے یہ پروگرام دلچسپی کا سبب ہو گا۔یونائٹیڈ پرو گریسیو تھیٹر ایسو سی ایشن(UPTA)کے صدر بھارت بھوشن شرمانے کہا کہ8/ دسمبر2018ء کو برہسپتی بھون میں شام6:00/ بجے سید اطہر الدین کی یاد میں منعقدہ بین الاقوامی مشاعرہ اور9/دسمبر 2018ء کو آرجی پی جی کالج، میں شام5بجے منعقد ہونے والا ڈراما ”خاک وطن“ جیسے پرو گرام بھی اہم ہیں۔ حاجی عمران صدیقی نے بتایا کہ آرٹ گیلری اور بک فئیر کا افتتاح8دسمبر2018ء کو صبح دس بجے شعبہئ اردو سے ہوگا۔ ڈاکٹر شاداب علیم نے کہا کہ اس دوران مختلف اجلاس میں نایاب زہرا زیدی، پرو فیسر اسلم جمشید پوری، پرو فیسر صالحہ رشید، ڈاکٹر محمد یونس غازی، ڈا کٹر ارشاد سیانوی، احمد حسنین وغیرہ کی کتابوں کا رسم اجراء بھی عمل میں آئے گا۔ پریس کانفرنس کو ڈاکٹر ارشاد سیانوی نے بھی مخاطب کیا۔

Published in مضامین

Contact Us

RAJ MAHAL, H. No. 11
CROSS ROAD No. 6/B
AZAD NAGAR, MANGO
JAMSHEDPUR- 832110
JHARKHAND, EAST SINGHBHUM, INDIA
E-mail : mahtabalampervez@gmail.com

Aalamiparwaz.com

Aalamiparwaz.com is the first urdu web magazine launched from Jamshedpur, Jharkhand. Users can submit their articles, mazameen, afsane by sending the Inpage file to this email id mahtabalampervez@gmail.com, aslamjamshedpuri@gmail.com